میانمار بغاوت، کورونا قوانین کی خلاف ورزی کا الزام، سوچی کو 4 برس قید کی سزا

07 دسمبر ، 2021

ینگون (اے ایف پی، جنگ نیوز) میانمار کی فوجی حکومت نے ملک کی نوبل انعام یافتہ برطرف رہنما آنگ سان سوچی کو 4سال قید کی سزا سنا دی،تاہم میانمار کے سرکاری ٹی وی کا کہنا کہ فوجی جنتا کے سربراہ من آنگ ہیلنگ نے سوچی کی سزا میں 2برس کمی کردی۔ عدالت نے سوچی کو فوج کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں دو برس اور کورونا قوانین کی خلاف ورزی پردو برس قید کی سزا کا حکم سنایا۔ امریکا، برطانیہ،عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کے اداروں نے اس سزا کو بدترین سفاکیت اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔میانمار کے سابق صدر وِن مائینٹ کو بھی انہی الزامات پر 4 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔