سانحہ سیالکوٹ،قوم کا سر شرم سے جھک گیا ،یہ سیاسی نہیں معاشرتی معاملہ،فواد

07 دسمبر ، 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے مارننگ شو’’ جیوپاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ سانحہ سیالکوٹ سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ،یہ سیاسی نہیں معاشرتی معاملہ ہے،ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہاکہ قومی سطح پر شدت پسندی کے خلاف کسی بھی کوشش کو مسلم لیگ ن حمایت کرے گی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ توہین رسالت کے قانون پر عدالتو ں میں کارروائی تو ہورہی ہے اورمختلف مقدمات میں سزا بھی ہوئی ہیں قانونی کارروائی میں کہیں پیچیدگی اورکہیں پر مشکلات بھی پیدا ہوتی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہماری عدالتیں اس پرعملدرآمد نہیں کرارہیں، فواد چوہدری نے کہاکہ سانحہ سیالکوٹ سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے ملک میں شدت پسندی پرہرکوئی خودکوغیرمحفوظ سمجھنے لگا ہے۔شدت پسندی کی ابتداء بہت پرانی ہے 53ء سے منیرکمیشن رپورٹ پڑھ لیں اور پھرافغانستان کامعاملہ ہمارے ریجن پر مسلط ہوگیا، طیب اردگان نے کہا تھا کہ پاکستان اسلام کا نشاۃ ثانیہ ہوگا اور ماڈرن سپرپاورہوگا۔ بطور سوسائٹی سوچناہوگا کہ ہمیں آگے کیسے بڑھنا ہے۔ شدت پسند ی کو جولوگ سیاسی مقاصدکے لئے استعمال کرتے ہیں اصل خطرناک یہ گروہ ہیں ،نیشنل ایکشن پلان بن چکاہے اب صرف عملدرآمد کرناہے ۔ بندوق اٹھاکر پورے معاشرے کو یرغمال بنانا صحیح نہیں ہے۔ احسن اقبال نے کہا 3برس میں کچھ مذہبی انتہاپسندوں گروپوں نے حکومت کے لئے مشکل صورتحال پیش کی توہم نے کسی غیرذمہ داری کامظاہرہ نہیں کیا۔ سانحہ سیالکوٹ کی پی ڈی ایم اور نون لیگ سخت مذمت کرتے ہیں ایسے واقعات اسلام کا تشخص خراب کرتے ہیں۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا جب یہ ثابت ہوجائے کہ توہین کاغلط دعویٰ کیا گیاہے تواس میں گنجائش ہے لیکن قانون کو مزیدسخت کرنے کی ضرورت ہے۔ اب یہ شکایات بہت زیاد ہ آرہی ہیں کہ توہین مذہب کا استعمال ذاتی مقاصد کے لئے استعمال ہوتاہے۔ سانحہ سیالکوٹ کے بعد فوری اورہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ علماء کرام کو اس کی بھرپوراورکھل کرمذمت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ مولاناتقی عثمانی کا اس حوالے سے ٹوئٹ آیا ہے جس سے بھرپورحوصلہ افزائی ہوئی ہے۔، پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفیٰ نوازکھوکھر نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اس نہج پر دنوں میں نہیں پہنچا، ان رویوں کو پنپنے جڑپکڑنے میں بہت وقت لگا ہے۔ بطورمعاشرہ ان رویوں کو روکنے کے لئے ہم سب کچھ نہ کرسکے۔ کچھ عرصہ قبل ایک مذ ہبی جتھے کی جانب سے لانگ مارچ کیا گیاریاست نے معاملہ ڈیل کرنے کے بجائے ان کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ان کے تمام ترمطالبات ما ن لئے۔ نیشنل ایکشن پلان پرآج تک کوئی عمل نہیں ہوا۔این اے133 ضمنی انتخاب ،مسلم لیگ ن کی جیت پرسینیئر تجزیہ کارسہیل وڑائچ نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے اپنی ہی نشست ضرورجیتی ہے لیکن پی ٹی آئی کے انتخاب میں حصہ نہ لینے کی وجہ سے پیپلزپارٹی نے اپنا ووٹ بینک بھی بڑھایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سہیل وڑائچ نے کہاکہ سیاست میں پیپلزپارٹی کا ایک مقام ضرو رہے یہ کہناکہ پی پی کی پنجاب میں کوئی ویلیو نہیں غلط ہوگا۔