سیاسی ڈا ئری،پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس معرکۃ الآرا نہ ہوسکا

07 دسمبر ، 2021

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار)پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس معرکۃ الآرا نہ ہوسکا،حکومت نے زرکثیر صرف کرکے پورے ملک سے نوجوانوں کو جناح اسٹیڈیم میں مجتمع کیا، پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس نے حکومت کے خلاف فیصلہ کن مہنگائی مارچ کے لئے پندرہ ہفتوں کی ناقابل فہم مہلت دیدی ہے اس دوران وہ کس نوع کی تیاریاں کریگی موہوم سی وضاحت دیدی گئی ہے ایک سو دن کی اس مہلت میں حکومت کیا کچھ کرسکتی ہے اس بار ےمیں تخمینے لگائے جاسکتے ہیں اور کہا جاسکتا ہے کہ ساڑھے تین سال میں حکومت نے ملک کو خرابوں کے حالات میں پہنچادیا ہے وہ مزید ملی مہلت میں بھی اس سے مختلف کچھ نہیں کرسکے گی، پی ڈی ایم جس روز مہنگائی مارچ لیکر وفاقی دارالحکومت وا رد ہونے کا ارادہ رکھتی ہے موجودہ حکومت یا پارلیمانی ایوان کی میعاد محض سوا سال کے لگ بھگ رہ جائے گی اور یوں آئندہ انتخابات کے لئے پیشگی مہم کا ڈول ڈالا جاچکا ہوگا۔ ان حالات میں حکومت کے خلاف چلائی جانے والی تحریک انتخابی مہم کا حصہ ہوگی اور یوں پارلیمانی ایوان اپنی آئینی مدت مکمل کرنے میں کامیاب رہیں گے ، دوسری جانب عین اسی شام لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے مقامی حلقے سے ضمنی انتخاب میں اپنی پارٹی کی شکست کا جشن منانے کے لئے بلند فصیلوں کے محل میں پرتکلف ضیافت کی میزبانی کررہے تھے۔