رمضان پیکیج کے تحت 53 ہزار سے زائد مستحقین میں کارڈز تقسیم کرنے کا فیصلہ

16 فروری ، 2026

لودھراں(نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا ہے کہ لودھراں میں رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 53 ہزار 647 مستحقین میں اے ٹی کارڈز تقسیم کیے جائیں گے، لودھراںاور دنیاپور میں 2،2 اور کہروڑپکا میں 3 رمضان دستر خوان لگائے جائیں گے، رمضان سہولت بازار میں مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر اشیائے خورونوش میسر ہوں گی،شہری علاقوں میں تمام مسالک کی بڑی مساجد پر چراغاں کیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ماہ مقدس میں خدمت خلق کو یقینی بنائیں گے، سرکاری مشینری اور مخیر حضرات کے تعاون سے دستر خوان سجا رہے ہیں پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری کے شمار کنندگان گھر گھر جاکر مستحقین کو نگہبان کارڈز پہنچائیں گے،عوامی سہولت کیلئے کم روشنی والے علاقوں میں فلڈ لائٹس لگائیں گے، کنٹرول روم کی مدد سے رمضان معاملات کی مانیٹرنگ ہوگی، ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ واسا نے سیوریج مسائل حل کیلئے ملازمین ہائیر کرلئے ہیں،ماہ رمضان میں گیس اور بجلی کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے گا، پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں کمیونٹی کو شامل کرنیکی درخواست کی ہے سرکاری ملازمین عوام کو جوابدہ ہیں، سروس ڈیلیوری پر فوکس ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میڈیا پرسنز کلچر تبدیلی کیلئےعوام میں شعور پیدا کریں، مثبت تنقید سے معاملات کی اصلاح باآسانی ممکن ہے،لودھراں کے رہائشی نوجوانوں کیلئے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کروارہے ہیں۔اس موقع پر صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے تعاون کی یقین دھانی بھی کروائی۔