ڈپٹی کمشنر کا رمضان سہولت بازار کا دورہ ، اشیائے خوردونوش کے معیار کا تفصیلی جائزہ

16 فروری ، 2026

ماچھیوال (نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کے معیار، قیمتوں، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز پر جا کر اشیاء کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو چیک کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق رمضان سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں تاکہ ماہِ مقدس میں شہریوں کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمت عام مارکیٹ سے 5 روپے فی کلوگرام کم رکھی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق سہولت بازاروں میں بڑا گوشت اور چھوٹا گوشت 10 روپے فی کلوگرام کم نرخ پر دستیاب ہوگا جبکہ 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 850 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قیمتوں کی نمایاں تشہیر کی جائے اور کسی بھی قسم کی گرانفروشی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ خریداروں کی سہولت کے لیے بیٹھنے کا انتظام، پارکنگ، شکایت کاؤنٹر اور ریسکیو کیمپ قائم کیا گیا ہے ۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔