رمضان سے قبل مہنگائی کا بڑا جھٹکا ، پٹرول 5، ڈیزل 7.32روپے مزید مہنگا

16 فروری ، 2026

اسلام آباد (رپورٹ، اسرار خان،تنویر ہاشمی) حکومت نے مقدس مہینے رمضان المبارک کے آغاز سے محض ایک ہفتہ قبل عوام پر مہنگائی کا بڑا جھٹکا دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15روز کیلئے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جسکے بعد اسکی نئی قیمت 258.17 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 275.70 روپے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 فروری سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات پر حکومت کے 15روزہ ریویو کے بعد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے نے سال کے آغاز میں نظر آنے والے قیمتوں کے استحکام کو ختم کر دیا ہے، جب نئے سال پر قیمتوں میں کمی کے بعد نرخوں کو برقرار رکھا گیا تھا۔ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور بجلی کی پیداواری لاگت بڑھے گی، جسکا براہ راست اثر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر پڑے گا اور عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔