غلطیاں کھلاڑیوں کی نہیں کھلانے والوں کی ہیں،ماہرین

16 فروری ، 2026

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ماہرین کرکٹ شہزاد اقبال ،سکندر بخت،کامران مظفر،راشد لطیف اور محمد عامر نے کہا ہے کہ ہمارے کوچز، سلیکٹرکا قصور ۚہے سارے کھیل کی غلطیاں کھلاڑیوں کی نہیں کھلانے والوں کی ہیں ۔نئے چہرے لانے کی ضرورت ہے، سنیئر کھلاڑی اہم پوزیشن پر مایوس کن کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ وہ جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن اسپورٹس فلور میں میزبان دانش انیس سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر شہزاد اقبال نے کہا کہ نئے چہرے لانے کی ضرورت ہے ۔ سنیئر کھلاڑی اہم پوزیشن پر مایوس کن کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ بالکل بھی مقابلہ ہوتا ہوا نظر نہیں آیا ۔ شاہین سے یہی لگ رہا ہے کہ اُس سے بولنگ نہیں ہو رہی ہے۔سنیئر پلیئرز کو بیٹھا دیں ان کا ٹائم ختم ہوگیا ہے ابھی سے ان کو بیٹھا دیں اور نافع، سلمان مرزا اور فخر زما ن کو لے کر آئیں۔شاہین آفریدی نے سوئنگ کی کوشش ہی نہیں کی ہے۔ جب میرٹ کو بنیاد نہیں بنایا جائے گا تو اسی طرح کے نتائج آئیں گے، انجری کے بعد پرفارمنس دئیے بغیر شاداب ٹیم میں آجاتے ہیں، شاداب، شاہین شاہ، اور بابر کی ورلڈ کپ میں جگہ نہیں بنتی ہے یہ ڈومیسٹک میں جائیں پرفارم کریں اور پھر واپس آئیں۔ ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے ازراہ تفنن کہا کہ ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے انشاء اللہ ہم فائنل جیتیں گے ۔