شادی کی تقریب منی پارلیمنٹ میں تبدیل؛ قومی معاملات اور سیاسی حکمت عملی پر گرما گرم بحث

16 فروری ، 2026

اسلام آباد (صالح ظافر) اتوار کی شام ایک مقامی مارکی میں منعقدہ محمد صدام جنید کی تقریب ولیمہ حکومتی اتحاد کے قانون سازوں کے ایک بڑے اجتماع میں بدل گئی۔ اس تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اپنی نمایاں موجودگی کے ساتھ توجہ کا مرکز رہے، جبکہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) سے تعلق رکھنے والے متعدد سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی نے بھی بھرپور شرکت کی۔ محمد صدام، جو کہ قومی اسمبلی کے اسپیشل سیکرٹری کے صاحبزادے ہیں، ارم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ تقریب ولیمہ میں وفاقی وزراء ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، پیر سید عمران شاہ، سینیٹ میں جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مرتضیٰ کامران اور ان کی اہلیہ عالیہ کامران (ایم این اے)، سیکرٹری قومی اسمبلی محمد سعید میتلا اور پیر صاحب گولڑہ شریف نمایاں شرکاء میں شامل تھے۔ پیر صاحب نے نو بیاہتا جوڑے کے لیے دعائے خیر کروائی۔ تقریب کے دوران مہمانوں کے درمیان پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی بھی زیر بحث رہی، اور شرکاء نے مطالبہ کیا کہ جو کھلاڑی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں انہیں فوری طور پر ٹیم سے نکال باہر کیا جائے۔ تقریب میں سلمان آغا کی کپتانی اور اٹیک باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی شدید تنقید کی زد میں رہی۔