رمضان بچت فیسٹیول میں 3لاکھ سے زائد شہریوں کی شرکت حکومت پر اعتماد،عظمیٰ بخاری

16 فروری ، 2026

لاہور (خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ 3 روزہ رمضان بچت فیسٹیول میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام حکومتی فلاحی اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ ہزاروں افراد کی موجودگی کے باوجود فیسٹیول میں ہراسمنٹ یا بدنظمی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جو محفوظ پنجاب کے وژن کی عملی تصویر ہے، رمضان المبارک کے مہینے میں راشن کارڈ کی رقم 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے تاکہ مزدور اور ورکرز بھی رمضان المبارک میں بھرپور طور پر مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بچت فیسٹیول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں 150 سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے جہاں اشیائے ضروریہ پر 20 فیصد تک رعایت دی گئی اور کسی بھی شہری کی جانب سے قیمتوں یا معیار سے متعلق کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت مثالی صفائی انتظامات کیے گئے اور لاکھوں افراد کی آمد کے باوجود صفائی کا معیار برقرار رکھا گیا۔عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ہر تحصیل میں روزانہ دو ہزار افراد کیلئے مفت افطاری کا آغاز کر رہی ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے نگہبان رمضان کارڈ کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔