پاکستان کا خصوصی طیارہ بھارتی فضائی حدود سے گزرکرکولمبو پہنچ گیا

16 فروری ، 2026

لاہور(خالدمحمودخالد) پاکستان کا ایک خصوصی طیارہ لاہور سے روانہ ہو کر بھارتی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے کولمبو پہنچ گیا،بھارتی میڈیا کے مطابق اس خصوصی طیارے میں پاکستان کی اعلی شخصیت کولمبو پہنچی ہے۔۔ بین الاقوامی فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارم Flightradar24 کی رپورٹ کے مطابق طیارہ Gulfstream G450 جس کا کال سائن PAAAF296 ہے، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوپہر 1:27 بجے روانہ ہوا اور تقریباً پانچ گھنٹے بیس منٹ کی پرواز کے بعد شام 7:16 بجے کولمبو کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا۔ یہ طیارہ پاکستان کے جنوبی علاقوں سے گزر کر کراچی کے قریب بحیرہ عرب کی سمندری حدود میں داخل ہوا جہاں سے بھارتی سمندری حدود اور ممبئی کنٹرولڈ ایئر اسپیس کے اوپر سے ہوتا ہوا بھارت کے مغربی ساحل گجرات، مہاراشٹر، کرناٹک کے قریب سے گزرتا ہوا خلیج بنگال کی طرف پہنچا جہاں سے یہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں لینڈ کر گیا۔ عام حالات میں یہ پاکستان سے سری لنکا جانے کیلئے ایک آسان روٹ ہے لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے اس فلائٹ کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ Flightradar24 کے مطابق یہ طیارہ پاکستان ایئر فورس کو جون 2025 میں ڈیلیور ہوا تھا۔ پاکستان میں یہ وی آئی پی اور سرکاری نقل و حرکت کے لیے استعمال ہورہا ہے۔ جون سے پہلے یہ امریکی رجسٹریشن N881JJ کے تحت استعمال ہورہا تھا۔ یہ پرواز کرکٹ ڈپلومیسی کا ایک اہم اشارہ سمجھی جا رہی ہے کیونکہ خصوصی کلیئرنس کے بغیر بھارتی فضائی حدود کا استعمال ممکن نہیں تھا۔