پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک اور بیل آؤٹ لینا پڑے گا، پروفیسر اسٹیفن

16 فروری ، 2026

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پروفیسر اسٹیفن کا کہنا ہے کہپاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک اور بیل آؤٹ لینا پڑے گا ، لمز اور اے بی سی کے زیر اہتمام بجٹ ترجیحات پر اہم نشست میں ماہرین نے حکومت کو وارننگ دے دی۔ تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی میں اقتصادی پالیسی کے برطانوی پروفیسر اسٹیفن ڈیرکون نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اسٹرکچرل ریفارمز (بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات) کیےبغیر 4.75 فیصد یا 5 فیصد سے زائد کی شرح نمو کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ایسی صورت میں وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف سے ایک اور بیل آؤٹ پیکیج مانگنے کے لیے واشنگٹن کی فلائٹ بک کرانا پڑے گی۔ پروفیسر اسٹیفن ڈیرکون، جو حالیہ برسوں میں معاشی معاملات پر شہباز شریف کی قیادت میں قائم حکومت کو مشورے بھی دیتے رہے ہیں، نے ان خیالات کا برملا اظہار اتوار کی شام ایک پالیسی مکالمے میں کلیدی خطاب کے دوران کیا۔ یہ تقریب امریکن بزنس کونسل نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے تعاون سے قومی بجٹ سے قبل ترجیحات کے تعین کے لیے منعقد کی تھی۔ مہمان پروفیسر نے سامعین کو یاد دلایا کہ جنوری 2023 میں پاکستان کو ایک انتہائی مشکل معاشی صورتحال کا سامنا تھا، جب تاجر برادری کو ڈالر کے حصول میں دشواری پیش آ رہی تھی اور معاشی محاذ پر ہر چیز پیچیدگی کا شکار ہو گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔