ملتان ،سولر نیٹ میٹرنگ پالیسی کے خلاف چوک نواں شہر پر احتجاجی مظاہرہ

16 فروری ، 2026

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیمبر آف سمال ٹریڈرز کی جانب سے سولر نیٹ میٹرنگ پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ یہ پالیسی سراسر ظلم اور ناانصافی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کا معاشی استحصال کر رہے ہیں اور توانائی کے شعبے میں ایسی پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں جن سے صرف اشرافیہ کو فائدہ پہنچ رہا ہے جبکہ عام آدمی اور تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس پالیسی کو واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کیا جائے گا اور تاجر برادری سڑکوں پر نکل کر اپنا حق لے گی۔ چیمبر آف سمال ٹریڈرز کی جانب سے سولر نیٹ میٹرنگ پالیسی کے خلاف جنوبی پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، اس سلسلے میں چوک نواں شہر ملتان میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کی۔ مظاہرے میں ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی، وائس چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران پنجاب ممتاز علی بابر، جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری طارق کریم، ضلعی صدر شیخ طاہر امجد، چیئرمین جنوبی پنجاب مرزا اعجاز علی، چیئرمین ملتان شہر احتشام الحق، خواجہ عمار یاسر، میزبان سیف اللہ شیخ، اصغر اکبر، عزیز انصاری سمیت دیگر تاجر رہنمائوں اور بڑی تعداد میں تاجروں نے شرکت کی۔ ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سولر پالیسی تاجروں اور عوام کے لیے ناقابل قبول ہے۔