حکومت نے آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری کی کوششیں تیز کردیں

16 فروری ، 2026

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری کی کوششیں تیز کردیں، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے نیا فریم ورک، نیپرا کا کردار صرف نگرانی تک محدود ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی کی تقسیم کار تین بڑی کمپنیوں (ڈسکوز)یعنی اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کی کوششوں کو تیز کر دیا ہے۔ حکام پرامید ہیں کہ ان کمپنیوں کے حصص کی فروخت کا عمل رواں کیلنڈر سال کی دوسری ششماہی میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اعلیٰ ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا کہ نجکاری کمیشن اس وقت ان تینوں اداروں کے مالیاتی ڈھانچے پر کام کر رہا ہے، جس کے ساتھ ساتھ اہم ریگولیٹری ترامیم بھی کی جا رہی ہیں تاکہ نجکاری کے عمل کو سہل اور ہموار بنایا جا سکے۔