رمضان بچت فیسٹیول میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں کی شرکت حکومت پر اعتماد،عظمیٰ بخاری

16 فروری ، 2026

لاہور (خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ 3 روزہ رمضان بچت فیسٹیول میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام حکومتی فلاحی اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ ہزاروں افراد کی موجودگی کے باوجود فیسٹیول میں ہراسمنٹ یا بدنظمی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جو محفوظ پنجاب کے وژن کی عملی تصویر ہے، رمضان المبارک کے مہینے میں راشن کارڈ کی رقم 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے تاکہ مزدور اور ورکرز بھی رمضان المبارک میں بھرپور طور پر مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بچت فیسٹیول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں 150 سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے جہاں اشیائے ضروریہ پر 20 فیصد تک رعایت دی گئی اور کسی بھی شہری کی جانب سے قیمتوں یا معیار سے متعلق کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت مثالی صفائی انتظامات کیے گئے اور لاکھوں افراد کی آمد کے باوجود صفائی کا معیار برقرار رکھا گیا۔عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ہر تحصیل میں روزانہ دو ہزار افراد کے لیے مفت افطاری کا آغاز کر رہی ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے نگہبان رمضان کارڈ کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں پنجاب بھر میں 160 خصوصی مراکز فعال ہیں اور 74 رمضان بازار مکمل طور پر آپریشنل ہو چکے ہیں، جہاں عوام کو بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ فیسٹیول میں ملٹی نیشنل کمپنیز، معروف فوڈ چینز اور مقامی وینڈرز نے 150 سے زائد گروسری و دیگر اشیائے ضروریہ کے اسٹالز قائم کیے جہاں اشیائے خوردونوش سمیت متعدد مصنوعات پر اوسطاً 20 فیصد تک رعایت فراہم کی گئی۔ شہریوں نے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری اور محفوظ تفریحی و خریداری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔