وزیراعلیٰ مریم نواز یونیورسٹی آف گجرات (UOG) کا آج دورہ کرینگی

16 فروری ، 2026

جلالپور جٹاں (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف یونیورسٹی آف گجرات (UOG) کا آج دورہ کریں گی، جہاں وہ طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب میں شرکت کریں گی۔وزیراعلیٰ کی آمد کے پیش نظر ضلع گجرات میں انتظامی اور سیکیورٹی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس گجرات میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی ٹریفک پلان، پروٹوکول اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ پروگرام کو منظم اور خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لیے تمام انتظامات بروقت یقینی بنائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے شیڈول کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین بھی موجود ہوں گے، جبکہ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور الحق مہمانوں کا استقبال کریں گے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور معززین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔