چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی امریکہ میں آئی پی یو کی قیادت سے اہم ملاقاتیں

16 فروری ، 2026

اسلام ااباد ( نیوز رپورٹر)چیئرمین سینیٹ ، سید یوسف رضا گیلانی نے نیویارک میں انٹر پارلیمانی یونین (IPU) کی صدر ڈاکٹر ٹولیا ایکسن اور سیکرٹری جنرل مارٹن چونگونگ سے اہم الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی فعال، باوقار اور مؤثر پارلیمانی سفارت کاری کو اجاگر کیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے اصولی مؤقف، جمہوری عزم اور عالمی سطح پر فعال پارلیمانی کردار کو مدلل انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان آئی پی یو کو دنیا کی پارلیمانوں کے مابین مکالمے، قانون کی حکمرانی، جامع حکمرانی اور عالمی تعاون کے فروغ کا مؤثر ترین پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور اس فورم پر پاکستان کا کردار ہمیشہ تعمیری اور مثبت رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے آئی پی یو کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور دیرینہ وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان مسلسل آئی پی یو اسمبلیوں، قائمہ کمیٹیوں اور عمومی مباحث میں فعال شرکت کر رہی ہے۔ انہوں نے تاشقند میں منعقدہ 150ویں آئی پی یو اسمبلی میں اپنی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن و سلامتی، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور کثیرالجہتی تعاون جیسے اہم عالمی موضوعات پر واضح اور مؤثر مؤقف پیش کیا۔