عمران کی نظر جوانوں جیسی، سیاسی مخالفین کو مایوسی ہوگی ، وفاقی وزراء

17 فروری ، 2026

اسلام آباد، شیخو پورہ ، راولپنڈی ( نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزرا ء نے کہا ہے کہ عمران کی نظر جوانوں جیسی ہے ، سیاسی مخالفین کو مایوسی ہو گی ،وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے والوں کو بانی پی ٹی آئی کی آنکھ بچ جانے پر مایوسی ہوئی کیونکہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ رپورٹس اچھی آٗئیں، ان کی سیاست نہیں رہی اور یہ چاہتے ہیں کوئی حادثہ ہو جائے، بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور رپورٹس تسلی بخش ہیں اور اُن کی نظر جوانوں کی طرح ہے وہ دیکھ اور پڑھ رہے ہیں، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی چشمہ لگا کر 70فیصد ہے جبکہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو اگر کوئی جان لیوا بیماری لاحق ہوئی زندگی بچانے کیلئے بیرون ملک بھجوایا جاسکتا ہے ورنہ نہیں،جو علاج ضروری ہے وہ میسر ہے،تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ دھرنے کے شرکاء کو مختلف اقسام کے پراٹھے پہنچائے گئے، علامہ راجہ ناصر عباس اس کی تصدیق کرلیں ورنہ ہمارے پاس سارے شواہد ہیں،دھرنے میں ایسے لوگوں کو بھی پہنچایا گیا جو پارلیمنٹیرینز نہیں تھے جبکہ مسلح افراد کو پارلیمنٹ لاجز تک پہنچایا گیا جہاں فیملیز موجود تھی، اس طرح کے اقدامات سے پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کیا گیا، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رپورٹس سپریم کورٹ پہنچ چکی ہوں گی۔شیخورہ میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ طبی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، اپوزیشن رہنماوں ں اور بانی کے ذاتی معالجین کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی عینک لگا کر70فیصد ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی 6/6ہے۔ادھرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی ڈیل کے حوالے سے کوئی بات چیت ہوئی تو پارلیمانی قوتوں سے ہوگی،عمران خان کے علاج کے حوالے سے واضح ہے جو علاج ضروری ہے وہ میسر ہے اور آئندہ بھی میسر ہوگا، حکومت علاج کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے، ان کے سے متعلق پروپیگنڈا جھوٹ نکلا، عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق تمام سہولیات میسر ہیں، ان سے متعلق میڈیکل بورڈ کی تمام سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔