وزیر داخلہ کا طیارہ سری لنکا سے واپسی پر بھی 3 گھنٹے بھارتی فضائی حدود میں رہا

17 فروری ، 2026

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )وزیر داخلہ پاکستان محسن نقوی کا خصوصی طیارہ سری لنکا سے وطنواپسی پر بھی 3 گھنٹے تک بھارتی فضائی حدود میں رہا۔ پی اے اے ایف 296 کال سائن کے امریکہ رجسٹرڈ خصوصی طیارے نے پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:47 بجے کولمبو ایئرپورٹ سے ٹیک آف کیا۔ روانگی کے 13 منٹ بعد گلف اسٹریم جی 450 طیارہ بھارتی شہر ترواننت پورم کے قریب سے بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ 13 سال پرانا طیارہ 40 ہزار فٹ کی بلندی سے انٹرنیشنل واٹر پر بھارتی فضائی حدود میں 3 گھنٹے مسلسل سفر کرتے ہوئے رات 8 بجے کراچی کے قریب سے پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔