جیل میں عمران کا طبی معائنہ ،طارق فضل چوہدری نے تمام تفصیلات بیان کر دیں

17 فروری ، 2026

اسلام آباد( طاہر خلیل)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجہ کی تمام تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق سوجن میں واضح کمی آئی ہے اور بینائی میں بہتری آ رہی ہے، کوئی بڑی پیچیدگی سامنے نہیں آئی۔ پیر کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اتوار کی دوپہر عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ اڈیالہ جیل کے اندر حکومتی ہدایات کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ کرایا گیا، حکومت نے ہر ضروری سہولت موقع پر فراہم کی تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کا سوال پیدا نہ ہو، خصوصی طور پر سی ٹی سکین ، سٹل لیمپ مشین اور مکمل سہولیات سے لیس ہیوی ایمبولینس جیل کے اندر پہنچائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پمز کے ڈاکٹر عارف اور شفاء ہسپتال کے ڈاکٹر ندیم قریشی نے فزیکل ایگزامینیشن کیا۔ سینئر ماہرین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر مرزا کانفرنس کال کے زریعے شامل رہے جبکہ بیرسٹر گوہر کو بھی تمام پیشرفت سے آگاہ رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خاندان کو بھی باقاعدہ مطلع کیا کہ وہ معائنے کے دوران موجود رہ سکتے ہیں تاہم خاندان کی جانب سے کوئی نمائندہ نہیں آیا، اس کے باوجود تمام کارروائی آزاد ماہرین کی نگرانی میں کی گئی۔ایک ڈوز Eylea انجکشن دی جا چکی ہے اور دوسری ڈوز 25 فروری کو دی جائے گی۔ ماہرین کی رائے میں Vabysmo ایک متبادل ہو سکتا ہے، موجودہ علاج کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اس لئے فی الحال Eylea جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔