معالجین بینائی میں بہتری کاکہہ رہے‘تصدیق نہیں کرسکتا‘ڈاکٹرعاصم یوسف

17 فروری ، 2026

کراچی (ٹی وی رپورٹ)شوکت خانم اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا ہے کہ عمران خان کا علاج کرنے والے معالجین ان کی بینائی میں نمایاں بہتری کا دعویٰ کر رہے ہیں مگر میں تصدیق کرنے سے قاصر ہوں‘ بدقسمتی سے میں نے خود عمران خان کا معائنہ نہیں کیا نہ ہی وہ اُن کے علاج میں شریک رہااس لئے پتہ نہیں کہ فراہم کردہ معلومات کس حد تک درست ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق جاری بیان میں ڈاکٹرعاصم یوسف کا کہناتھاکہ گزشتہ رات 9 بج کر 45 منٹ پر اُن کی فون پر اسلام آباد میں موجود اُن دو ڈاکٹروں سے بات ہوئی جو عمران خان کا علاج کر رہے ہیں‘لاہور سے آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر خرم عاصم مرزا بھی اس کال میں شریک تھے اور تقریباً 40 منٹ تک گفتگو جاری رہی۔ ڈاکٹر عاصم کے مطابق کال کے دوران دونوں معالجین نے بتایا کہ جب انہوںنے پہلی مرتبہ عمران خان کا معائنہ کیا تو اُن کی کیا علامات تھیں، اب تک کیا علاج کیا گیا، علاج کی تفصیلات کیا رہیں اور فالو اَپ کس نوعیت کا رہا۔انہوںنے کہا کہ ڈاکٹروں کی تازہ ترین تشخیص گزشتہ روز دوپہر کو کی گئی تھی۔ معالجین کے مطابق اُن کی رائے میں عمران خان کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اُن کی بینائی میں بھی خاصی بہتری دیکھی گئی ہے۔ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ اگر وہ خود اس بات کی تصدیق کر پاتے تو انھیں انتہائی خوشی ہوتی۔