قائمہ کمیٹی کا بچوں سے متعلق حکومتی اداروں کی کارکردگی پر اظہار تشویش

17 فروری ، 2026

اسلام آباد (عاصم جاوید) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا بچوں سے زیادتی، جنسی ہراسانی، منشیات کے استعمال، بھیک منگوانے، انسانی اسمگلنگ اور یتیم بچوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اداروں کی غیر مؤثر کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پالیسیاں صرف کاغذوں تک محدود ہیں ، آئندہ اجلاس میں چیئرمین نادرا، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کر لیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس پیر کو زیر صدارت رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار منعقد ہوا۔ کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ان سماجی برائیوں کی روک تھام میں خاطر خواہ پیشرفت نہیں ہو سکی، پالیسیاں صرف کاغذوں تک محدود نظر آتی ہیں اور نچلی سطح پر ان پر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں چیئرمین نادرا، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات تجویز کئے جا سکیں۔ اجلاس میں وزارت انسانی حقوق اور اس کے ذیلی اداروں کے مالی سال 27-2026 کے بجٹ تجاویز کی توثیق کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ منظور شدہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔