آبنائے ہرمز کی بندش، توانائی بحران، فیول بچت، حکومت کا کورونا جیسا تین مرحلہ منصوبہ آج وزیراعظم کو پیش، پیر کو اعلان متوقع

06 مارچ ، 2026

اسلام آباد(مہتاب حیدر)وفاقی حکومت نے آبنائے ہرمز کی بندش اور ممکنہ توانائی بحران کے تناظر میں درآمدی پٹرولیم مصنوعات اور آرایل این جی کی طلب کم کرنے کے لیے مرحلہ وارتوانائی کی بچت کے منصوبے اور قیمتوں کے نئے طریقہ کار کو حتمی شکل دیدی ہے ‘ اس منصوبے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے ردوبدل کیا جائے گا، سرکاری اجلاس ورچوئل طریقے سے منعقد کیے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں کووِڈ-19 وبا کے دوران اپنائے گئے طریقہ کار کی طرز پر تعطیلات کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔حکومت نے اس حوالے سے پہلے، دوسرے اور تیسرے مرحلے پر مشتمل حکمت عملی تیار کی ہے اور تقریباً تین سے چار درجن تجاویز مرتب کی گئی ہیں جو آج جمعہ کو وزیر اعظم شہباز شریف کے سامنے حتمی منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ منظور شدہ اقدامات پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے جمعرات کو دی نیوز کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں حکومت سرکاری شعبے میں ان اقدامات کو نافذ کرے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں نجی اسکولوں، جامعات اور اسپتالوں میں آن لائن اسائنمنٹس کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار اضافہ کیا جائے گا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق خطے میں ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پیٹرول کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی صدارت میں فنانس ڈویژن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں توانائی کے شعبے میں پیش رفت اور قومی سطح پر تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے علاقائی اور عالمی توانائی کی بدلتی صورتحال پر غور و خوض جاری رکھا اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی تفصیلی جانچ کی۔ اراکین کو بریفنگ دی گئی کہ قومی ذخائر اطمینان بخش سطح پر موجود ہیں اور اہم مصنوعات کے لیے مناسب ذخیرہ دستیاب ہے، لہٰذا اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے فوری طور پر تشویش کی کوئی بات نہیں۔