اسلام آباد(مہتاب حیدر) وزارتِ منصوبہ بندی نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیج فارس میں حالیہ کشیدگی کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، جس سے مہنگائی میں اضافہ اور پیداواری و ترسیلی لاگت بڑھنے کے باعث برآمدات کی مسابقت متاثر ہو سکتی ہے۔ہفتے کے روز وزارتِ منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ ڈیولپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق توانائی کے ذرائع میں تنوع، برآمدات کے فروغ اور بیرونِ ملک پاکستانی کارکنوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے کیونکہ آبنائے ہرمز کی بندش سے پٹرولیم مصنوعات پر پاکستان کا درآمدی بل نمایاں طور پر بڑھ سکتا ہے ،85فیصد درآمدات مشرق وسطیٰ سے ہوتی ہیں۔مشرقِ وسطیٰ اور خلیج فارس میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی توانائی اور مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ بڑھا دیا ہے، جس سے پاکستان کے بیرونی شعبے کو ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹریٹجک آبنائے ہرمز کے اردگرد خلل کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جہاں سے عالمی تیل کی تقریباً 20 فیصد ترسیل گزرتی ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کا درآمدی بل نمایاں طور پر بڑھ سکتا ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات ملک کی مجموعی درآمدات کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہیں اور ان میں سے 85 فیصد سے زیادہ درآمدات مشرقِ وسطیٰ سے ہوتی ہیں۔حکومت نے حال ہی میں ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ بھی کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے اندرونِ ملک مہنگائی بھی بڑھ سکتی ہے اور پیداواری و ترسیلی اخراجات بڑھنے سے برآمدات کی مسابقت کمزور ہو سکتی ہے۔ مزید یہ کہ مشرقِ وسطیٰ کو ہونے والی برآمدات، جو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا تقریباً 11 فیصد ہیں، علاقائی رکاوٹوں کے باعث دباؤ کا شکار ہو سکتی ہیں۔ترسیلاتِ زر بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اگر تنازع طویل ہو گیا، کیونکہ تقریباً 45 سے 50 لاکھ پاکستانی خلیجی ممالک میں کام کرتے ہیں اور وہ پاکستان کو آنے والی مجموعی ترسیلاتِ زر کا نصف سے زیادہ حصہ بھیجتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال شرحِ مبادلہ کے استحکام، سرمایہ کاری کے بہاؤ اور مالیاتی دباؤ پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔ اس لیے توانائی کے ذرائع میں تنوع، برآمدات کے فروغ اور بیرونِ ملک پاکستانی کارکنوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ بیرونی شعبے کا استحکام برقرار رکھا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے پہلے آٹھ ماہ میں معیشت میں قابلِ ذکر استحکام دیکھا گیا ہے، جس کی وجہ محتاط اور مربوط معاشی پالیسی رہی۔ جولائی سے فروری کے دوران اوسط مہنگائی میں کمی آئی، تاہم فروری 2026 میں بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث عارضی اضافہ دیکھنے میں آیا۔جولائی تا دسمبر مالی سال 2026 کے دوران بڑے پیمانے کی صنعتوں (LSM) کی پیداوار میں گزشتہ سال کی کمی کے مقابلے میں مجموعی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔ عمیرات اور آٹو موبائل کے شعبوں میں بھی مضبوط رفتار دیکھی گئی۔اشیا اور خدمات کی برآمدات مضبوط رہیں جبکہ معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ درآمدات میں بھی اضافہ ہوا۔ ترسیلاتِ زر نے بیرونی شعبے کو سہارا دیا۔ مالیاتی کارکردگی بہتر رہی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا جبکہ مالیاتی توازن مثبت رہا۔ترقیاتی شعبے میں سنٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے فروری 2026 میں 11 منصوبوں کا جائزہ لیا، جن میں سے چار کی منظوری دی گئی اور پانچ منصوبوں کو ایکنک کو سفارش کے لیے بھیجا گیا، جبکہ دو تصوری تجاویز کی منظوری دی گئی۔جولائی تا جنوری مالی سال 2026 کے دوران اخراجات میں بچت کی کوششوں کے نتیجے میں 9.9 ارب روپے کی بچت ہوئی۔ درمیانی مدت میں سرکاری سرمایہ کاری سے تقریباً 18,336 براہِ راست اور 7,320 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام 2025-26 کے تحت 361 ارب روپے (کل مختص رقم کا 36 فیصد) استعمال ہو چکے ہیں، جن میں بنیادی ڈھانچے، سماجی شعبوں اور خصوصی علاقوں کو نمایاں فنڈز دیے گئے ہیں۔ غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبے بھی ترجیحی اقدامات کی معاونت کر رہے ہیں۔فروری میں متعدد ترقیاتی سرگرمیاں بھی ہوئیں، جن میں پاکستان گورننس فورم 2026 کا انعقاد، غربت کے ابتدائی تخمینوں کا اجرا، آئی ایم ایف اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ بین الاقوامی رابطے، اور قازقستان کے ساتھ پانچ سالہ اقتصادی تعاون روڈ میپ کا آغاز شامل ہیں۔
لاہورحال ہی میں کراچی سے منشیات کی اسمگلنگ کا وسیع نیٹ ورک چلانے کے الزام میں گرفتار ہونے والی انمول عرف پنکی...
اسلام آباد اسلام آباد ہائی کورٹ نے گریڈ 20 اور 21 میں ترقی سے محروم رہنے والے 21افسران کی درخواستیں منظور کرتے...
اسلام آباد آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے حکومتِ پنجاب پر زور دیا ہے کہ وہ سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی...
لاہور پنجاب میں پراسیکیوٹرز کیلئے پہلی بار پرفارمنس ریویو سسٹم قائم۔نظام کا مقصد پراسیکیوٹرز کی کارکردگی کی...
اسلام آبادوفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تقریب میں شرکت کیلئے چین...
اسلام آ باد پاکستان پرقرضوں کےسارے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ملک پر قرضے اور واجبات ریکارڈستانوے ہزار تین سو سات ارب...
اسلام آباد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومتی سطح پر سرگرمیاں تیز...
اسلام آباد حکومت نے خطے کی صورتحال کے پیش نظر اہم ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں سے مشاورت کا فیصلہ کیاہے...