صدر آصف زرداری کا یتیم بچوں کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں افطار ڈنر کا اہتمام

08 مارچ ، 2026

اسلام آباد (طاہر خلیل)صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پاکستان آرفن کیئر فورم کے زیرِ کفالت یتیم بچوں کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں یتیم بچوں اور بچیوں نے شرکت کی۔صدر مملکت نے کہا ایوان صدر آپ کا گھر آپ کے آنے سے مجھے زیادہ خوشی ہوتی ہے، صدر مملکت ،یتیم بچوں میں ٹیبلٹس اور تحائف تقسیم ،اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) ہر سال رمضان المبارک میں اسلامی دنیا میں یتیموں کا دن مناتی ہے، ایوانِ صدر میں ہفتہ کو اسی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ دن یتیموں کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بیداری بڑھانے، سماجی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور خاص طور پر تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں کمزور بچوں کی جامع دیکھ بھال، تعلیم اور تحفظ کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بچوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیا۔ انہوں نے یتیم بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان صدر آپ کا گھر ہے، آپ جب یہاں آتے ہیں تو مجھے بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ صدر مملکت نے بچوں کو کہا کہ آپ کے لیے ٹیبلٹس کا تحفہ ہے، یہ پڑھائی کے حوالے سے آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یتیم بچوں کو مستقل میں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ان کے لیے اسکالرشپ مختص کیے جائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معماروں سے ملکر خوشی ہوئی اور میری دعائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔ صدر نے خطے کی صورتحال کی بہتری اور پاکستان کے امن کے لیے دعا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ پاکستان آرفن کیئر فورم کے چیئرمین ایئر مارشل ریٹائرڈ فاروق حبیب اور دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر یتیم بچوں میں ٹیبلٹس سمیت تحائف تقسیم کیے۔