وہاڑی، محلہ مسانی باغ میں مسجد کے سامنے سیوریج کا پانی جمع، تعفن پھیلنے لگا

16 مارچ ، 2026

وہاڑی (نامہ نگار) واسا کی مبینہ نااہلی اور غفلت کے باعث محلہ مسانی باغ میں جامع مسجد کے بالکل سامنے گٹروں کا پانی جمع ہو گیا ہے جس سے نمازیوں اور اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسجد آنے جانیوالے نمازیوں کیلئے راستہ انتہائی دشوار ہو چکا ہے اور گندے پانی کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ کئی دن گزرنے کے باوجود واسا حکام نے مسئلے کے حل کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔ گٹروں کا پانی سڑک پر جمع ہونے سے علاقے میں بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ عملہ ٹس سے مس نہیں ہو ا، اہل علاقہ نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے اور نکاسی آب کا مسئلہ فوری حل کیا جائے۔