مہنگائی کی رفتار دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں جانے کا خدشہ،ماہر معاشیات

16 مارچ ، 2026

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہر معاشیات، سابق وزیر خزانہ، ڈاکٹر حفیظ پاشانےکہا ہے کہ مہنگائی کی رفتار دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں جانے کا خدشہ،آبنائے ہرمز بند ہوجاتی ہے تو عالمی سطح پر تیل کی تقریباً 20 فیصد سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔ صحافی، ماہر افغان امور، افتخار فردوس نے کہا کہ چترال کے علاقے ارہندو بارڈر پرحالیہ دنوں میں کشیدگی بڑھی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔تفصیلات کے مطابق ’نیا پاکستان ‘میں میزبان شہزاد اقبال نے اپنے تجزیے میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پاکستان کو بیک وقت معاشی، سفارتی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث پاکستانی معیشت پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق اس کے نتیجے میں مہنگائی، تجارتی خسارے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ ہوسکتا ہے۔جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “کے آغاز میں پروگرام کے میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ پاکستانی معیشت پر بھی خطرات کے سائے گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر یہ جنگ طویل عرصے تک جاری رہی تو پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں پر شدید دباؤ پڑ سکتا ہے۔ وزیر خزانہ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب برقرار رہتی ہے تو پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں تقریباً ڈیڑھ فیصد کمی کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔