بیشتر سیاسی قوتیں عالمی مسائل پر کھل کر مؤقف نہیں دیتیں ،حافظ نعیم

16 مارچ ، 2026

کراچی ( ٹی وی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بیشتر سیاسی قوتیں بین الاقوامی مسائل پر کھل کر مؤقف نہیں دیتیں ، انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ کہیں ڈونلڈ ٹرمپ یا ریاست ہائے متحدہ امریکا ناراض نہ ہو جائیں، اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو ترقی کی علامت قرار دینا درست نہیں۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نےکہا کہ آج کے جرگہ میں بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال پر بھی بات ہوگی اور ملکی سیاست کا بھی تذکرہ ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاست میں عوامی مسائل کو سنجیدگی سے اٹھانے والی جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔ معاشی مشکلات، آئی پی پیز کے معاملات، تعلیمی مسائل، نوجوانوں کے روزگار، بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی حفاظت سمیت منشیات جیسے سنگین مسائل پر جماعت اسلامی مسلسل آواز بلند کر رہی ہے اور عملی اقدامات بھی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی محض بیانات تک محدود نہیں رہتی بلکہ اپنی استطاعت کے مطابق عملی کام کرتی ہے، جس میں آئی ٹی کورسز کا انعقاد بھی شامل ہے۔