برطانیہ کا آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے بحری جہاز اور مائن ہنٹنگ ڈرون بھیجنے پر غور

16 مارچ ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ کا آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے بحری جہاز اور مائن ہنٹنگ ڈرون بھیجنے پر غور، وزیر توانائی ایڈ ملیبیند کا کہنا تھا تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے دیگر ممالک کو بھی جہاز بھیجنے کی اپیل کی۔ گارڈین کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ ہرمز کے تنگ سمندر کو دوبارہ کھولنے کے لیے بحری جہاز اور مائن ہنٹنگ ڈرون بھیجنے پر غور کر رہا ہے، تاکہ دنیا کی تیل کی سپلائی کی اہم راہ کو محفوظ بنایا جا سکے، یہ بات برطانیہ کے وزیر توانائی ایڈ ملیبینڈ نے اتوار کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ تمام آپشنز پر بات کر رہی ہے اور ہر ممکن طریقے سے اس پانی کے راستے کو کھولنے کی کوشش کرے گی۔ دنیا کے 20 فیصد تیل کی سپلائی ہرمز کے راستے سے گزرتی ہے اور جنگ کے آغاز کے بعد اس کی بندش سے تیل کی قیمتیں تقریباً 65 ڈالر سے بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہیں، جس سے مغربی ممالک میں مہنگائی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دیگر ممالک بشمول چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سے کہا کہ وہ بحری جہاز بھیجیں تاکہ ہرمز کے تنگ سمندر کو دوبارہ محفوظ اور کھلا بنایا جا سکے۔ برطانوی حکومت مائن ہنٹنگ ڈرون بھیجنے پر غور کر رہی ہے جو خطرناک مائنوں کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس دوران وزیر توانائی نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت بڑھتی توانائی کی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی اور فیول ڈیوٹی میں ممکنہ اضافے پر فیصلہ زیر غور ہے۔