پرائس ڈیفرنشل کلیمز نظام میں تبدیلیوں سے دستیاب نقدی شدید متاثر ہوگی،تیل صنعت

02 اپریل ، 2026

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ ) پاکستان کے آئل مارکیٹنگ سیکٹر نے پرائس ڈیفرینشل کلیمز (PDC) کے نظام میں مجوزہ تبدیلیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ان پر مناسب نظرثانی کے بغیر عمل کیا گیا تو اس سے صنعت کی لیکویڈیٹی شدید متاثر ہو سکتی ہے اور ایندھن کی فراہمی میں خلل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ (اوگرا) کو بھیجے گئے ایک باضابطہ خط میں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل(اوکاک) نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ ریگولیٹر قابلِ ادائیگی پی ڈی سی کلیمز میں سے 10 فیصد رقم ادائیگی کے وقت روکنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ صنعت کے رہنماؤں کے مطابق اس اقدام سے اربوں روپے پھنس سکتے ہیں اور ملک بھر میں ایندھن کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔