مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے اسلام آباد میں ایک بار پھر تیاریاں

15 اپریل ، 2026

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) ایران ، امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے ایک بار پھر اسلام آباد میں تیاریوں کا آغاز ہو گیا، اسلام آباد میں ذرائع نے بتایا کہ خارجہ ، داخلہ ،اطلاعات و نشریات کے متعلقہ ماتحت اداروں کو ایک بارپھر پوری طرح الرٹ کر دیا گیا ،پہلے مرحلے میں ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے عملے سے کہا گیا ہےکہ وہ جمعرات کو مذاکرات کے مجوزہ دوسرے مرحلے کیلئے تیار رہیں ، ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا نے ثالثی مذاکرات کے پہلے مرحلے میں دو دو ملکوں کے نام پیش کئے تھے ، ایران نے عمان ( مسقط ) اور اسلام آباد ،امریکا نے دوحہ ( قطر ) اور اسلام آباد کے نام تجویز کئے تھے دونوں فریقین کی مشترکہ خواہش پر پاکستان نے میزبانی کے فرائض ادا کئے ، ایران کی جانب سے مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے مثبت اشارے ملنے کےبعد کل جمعرات کو مذاکراتی عمل کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے کے امکانات ہیں۔