اسلام آ باد (رانا غلام قادر)سینئر بیورو کریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ وفاقی حکومت نے افسران کی گریڈ 22 میں ترقیوں کیلئے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ اجلاس27پریل کوطلب کرلیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں پا کستان ایڈ منسٹریٹو سروس، پولیس سروس ،سیکر ٹر یٹ گروپ ،پاکستان آڈٹ اینڈ اکا ئونٹس سروس،کسٹم سروس،ان لینڈ ریونیو سروس ،فارن سروس ،انفار میشن گروپ اور دیگر سروس کے گریڈ 21 کے 30سے زائد افسروں کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دی جا ئے گی ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اجلاس کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا اور پینل وزیر اعظم آفس کوبھجوا دیے ہیں۔ ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ اجلاس کی صدارت وزیراعظم یا نائب وزیراعظم کریں گے۔ یاد رہے کہ ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا گزشتہ اجلاس مارچ 2025 میں منعقد ہوا تھا جس میں ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس،پولیس سروس اور فارن سروس کے مجموعی طورپر 36 افسران کو گریڈ 22 میں ترقی دی تھی ۔ذرائع کے مطا بق پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروس کے گریڈ21کے74افسران پینل میں شامل ہیں۔