ممبران پارلیمنٹ نئی رہائش گاہیں؛104فیملی سوٹس تکمیل کیلئے 30جون کی ڈیڈ لائن

09 مئی ، 2026

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) پارلیمنٹ لاجز سے متصل ممبران پارلیمنٹ کی نئی رہائش گاہیں104فیملی سوٹس ( پارلیمنٹ لاجز فیزٹو) کو مکمل کرنے کیلئےسی ڈی اے کو 30جون کی ڈیڈ لائن دیدی گئی۔500ایئر کنڈینشرز او ر لابیز میں وی آر ایف سسٹم لگانے کیلئے ٹینڈرز طلب، ایک ارب نو کروڑ روپے لاگت آئے گی،500سرونٹ کورٹرز بھی بنیں گے۔ یہ پراجیکٹ چار بلاکس پر مشتمل ہے۔ بلاک اے اور بی میں ممبران پارلیمنٹ کے رہائشی اپارٹمنٹس ہوں گے۔ سی بلاک میں شاپس۔ جم ۔ سوئمنگ پول ۔ وغیرہ ہوں گے۔ ڈی بلاک میں مسجد تعمیر کی جا رہی ہے۔ بلاک اے اور بی مکمل ہے جس کی فنشنگ کا کام جاری ہے۔ سی بلاک کا سٹرکچر تیار ہے۔ مسجد کی آخری چھت ڈالی جارہی ہے۔ مجموعی پراگرس 76فی صد ہے لیکن اے اور بی بلاک کا قبضہ 30جون تک دیدیا جا ئے گا۔ سی ڈی اے نے سول ورکس کا ٹھیکہ دو ارب نوے کروڑ روپے میں دیا ہے۔ اب ایئر کنڈینشنرز لگانے کیلئے ٹینڈرز طلب کئے گئے ۔ 104فیملی سویٹس ہیں ۔ ہر سویٹ میں پانچ اے سی لگیں گے۔ اس طرح 520ایئر کنڈیشنرز خریدے جائیں گے۔ لابیز کیلئے VRFسسٹم لگے گا۔ مسجد میں بھی یہی سسٹم لگے گا۔ اے سی کے علاوہ اس پراجیکٹ کے تحت الیکٹریفیکیشن کی جا ئے گی ۔ دیگر برقی آلات لگیں گے جن کی مجموعی لاگت ایک ارب نو کروڑ روپے ہے۔ممبران پارلیمنٹ کیلئے 500سرونٹ کوارٹرز بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان کوارٹرز کے گرائونڈ فلور پر پارکنگ ہو گی اور اوپر سرونٹ کوارٹرز تعمیر کئے جائیں گے۔