آبنائے ہرمز کی بندش کے باوجود سعودی آرامکو اور اماراتی ادنوک کی تیل کی ترسیل جاری

09 مئی ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک)آبنائے ہرمز کی بندش کے باوجود سعودی آرامکو اور اماراتی ادنوک کی تیل کی ترسیل جاری۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی آرامکو ٹریڈنگ کمپنی اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری تیل کمپنی ادنوک ان فرموں میں شامل ہیں جنہوں نے ایران کی جانب سے آبی گزرگاہ کو مؤثر طریقے سے بند کیے جانے کے بعد سے آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کے جہاز روانہ کیے ہیں۔ اگرچہ تیل کے بہاؤ کی کل مقدار اس کا ایک معمولی حصہ ہے جو تہران کی جانب سے تقریباً 10 ہفتے قبل تیل کی اس گزرگاہ کو بند کرنے سے پہلے تھی، تاہم ان دو فرموں کی سرگرمی اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ کچھ سپلائی اب بھی عالمی منڈیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو رہی ہے۔ ایران نے پورے تنازع کے دوران آبنائے میں جہاز رانی کو خطرے میں ڈالے رکھا ہے، اور جمعہ کو امریکہ کے حملے کی زد میں آنے کے بعد ایک بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا، حالانکہ بظاہر وہ ایک پابندی زدہ جہاز تھا جو اسلامی جمہوریہ کا اپنا تیل لے جا رہا تھا۔ آرامکو نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جبکہ ادنوک نے اس حوالے سے کی گئی درخواست کا جواب نہیں دیا۔