سینیٹ میں نیب کے زیر کارروائی 971 مقدمات کا انکشاف

09 مئی ، 2026

اسلام آباد (عاصم جاوید) نیب کے زیر کارروائی 971 مقدمات کا انکشاف ہوا ہے، جن میں انکوائریز کی تعداد 745 جبکہ تحقیقات کی تعداد 226 ہے۔ وزارت قانون و انصاف کی طرف سے ایوان بالا کو فراہم کردہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ نیب میں زیر کارروائی مقدمات کی نوعیت کے خفیہ ہونے کے پیش نظر مدعا علیہان/ ملزموں کے نام اور متعلقہ رقوم ظاہر نہیں کی جا سکتیں تاہم 31 دسمبر 2025 تک نیب کے زیر کارروائی مقدمات کی مجموعی تعداد 971 ہے۔ موصول ہونے والی تمام شکایات پر باقاعدگی سے کارروائی کی جاتی ہے، نیب انکوائریز اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لا رہا ہے، تاہم مقدمات کی پیچیدہ نوعیت کے باعث ان کی تکمیل کیلئے حتمی مدت کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔ تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران نیب کی جانب سے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں شکایات، انکوائریز اور تحقیقات کو منصفانہ اور تیز رفتار انداز میں نمٹانے کیلئے اصلاحات متعارف کروائی گئیں اور رہنما اصولوں کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔