پاکستان جنگ میں کامیابی کے باوجود امن کا علمبردار بھی ہے،وزیر اطلاعات

09 مئی ، 2026

اسلام آباد( طاہر خلیل،رانامسعود حسین) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ میں کامیابی کے باوجود امن کا علمبردار بھی ہے،ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ہم امن کے داعی ضرور ہیں لیکن اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں ، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بروقت اور موثر جواب دیا جس کے اثرات سے بھارت اب تک باہر نہیں نکل سکا ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہیں، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی، معرکہ حق میں فتح کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے فخر کے ساتھ پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ جس انداز میں خوشی کا اظہار کیا ہے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ،وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بنیان مرصوص میں جرأت اور بہادری کی جو مثالیں قائم کی گئیں وہ قیامت تک یاد رکھی جائیں گی۔ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام سپریم کورٹ بلڈنگ میں ʼمعرکہ حق ،کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم کے ویژن اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر دشمن کو عبرت ناک شکست دی ، رافیل طیارے گرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کا غرور بھی خاک میں مل گیا ، پاک فضائیہ اور ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، آج دنیا بھر میں پاک فضائیہ کی تعریف کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایسا موثر جواب دیا گیا کہ وہ چار گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا،انہوں نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرنے پر پاکستانی میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کی اور اسے "سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل" قرار دیا، عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارت نے سیز فائر کے لئے منت سماجت شروع کر دی، اللہ تعالی نے پاکستان کو ایسی عزت عطا کی ہے کہ آج دنیا پاکستان کو امن کی علامت کے طور پر دیکھتی ہے اور پاکستان کا نام احترام سے لیا جاتا ہے،انہوں نے ڈیجیٹل محاذ پر ʼجنریشن زیʼ اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے موثر بیانیہ سازی اور میمز کے ذریعے دشمن کو جواب دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، لیکن اگر کبھی ہم پرجنگ مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،تقریب سے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدر عمران وسیم نے خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق کا ایک برس مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دی اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا،تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے عہدیداران کے ہمراہ فتح کا کیک بھی کاٹا۔ادھراسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے معرکہ حق کے تمام غازیوں اور شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان شہیدوں اور غازیوں کی بدولت ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی، انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس طرح وطن کی حفاظت کی وہ ہمارے لئے باعث فخر ہے،معرکہ حق ایک ایسا معرکہ تھا جس نے پاکستان کی تاریخ بدل دی، معرکہ حق نے قوم کو وہ عزت دی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، وزیراعظم شہبازشریف کی معاملہ فہمی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرأت مندانہ قیادت نے فتح میں اہم کردار ادا کیا، جس طرح کی منصوبہ بندی اور کوآرڈینیشن معرکہ حق میں دیکھی گئی وہ قابل فخر ہے۔