عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام پر پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ

09 مئی ، 2026

لاہور (آصف محمود بٹ)پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس، حساس اضلاع کیلئے خصوصی حکمت عملی منظور۔اسپیشل برانچ،سی ٹی ڈی، آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کے نمائندوں کی ممکنہ سکیورٹی خطرات اور انسدادی اقدامات سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹس پیش۔کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیز، رینجرز کی تعیناتی میں توسیع پر غور،عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام پر پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ۔ پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع اور سخت سکیورٹی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی، جبکہ حساس اضلاع میں نگرانی بڑھانے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں جمعہ کو پنجاب سول سیکرٹریٹ کے محکمہ داخلہ میں قائم خالد شیردل کانفرنس روم میں کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کا 52واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کی جبکہ صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین شریک چیئرمین تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، شافع حسین، بلال اکبر خان، سید محمد عاشق حسین شاہ اور صہیب احمد ملک نے شرکت کی، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، انٹیلی جنس بیورو پنجاب کے جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل سمیت آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز اور دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دیتے ہوئے پولیس نفری کی تعیناتی، ہجوم کے نظم و نسق، ٹریفک پلان، مویشی منڈیوں کی نگرانی، مساجد، عیدگاہوں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیااسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کے نمائندوں نے ممکنہ سکیورٹی خطرات اور انسدادی اقدامات سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹس پیش کیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حساس اضلاع میں نگرانی مزید سخت کرنے، مشکوک سرگرمیوں کی کڑی مانیٹرنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں تیزی لانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے متاثرہ خاندانوں اور متاثرین کیلئے امدادی اور معاوضہ فنڈز کی منظوری سے متعلق کلیمز ریویو کمیٹی کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان اضلاع میں مظفرگڑھ، پاکپتن، چکوال، بہاولنگر، لیہ، اوکاڑہ، جہلم، ساہیوال، لاہور، اٹک، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ، میانوالی، ملتان، رحیم یار خان، راجن پور، راولپنڈی، شیخوپورہ، فیصل آباد اور سرگودھا شامل ہیں۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے دریائی کچے کے علاقوں میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے دریائے سندھ کے اطراف سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بریفنگ دی۔ بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنرز، آر پی اوز، رحیم یار خان، راجن پور اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں میں پیشرفت ہوئی ہے۔ اجلاس میں اٹک اور ڈیرہ غازی خان میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیلئے پاکستان رینجرز پنجاب کی تعیناتی میں توسیع سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ محکمہ داخلہ اور ضلعی انتظامیہ کے حکام نے حساس علاقوں میں رینجرز کے کردار اور مشترکہ کارروائیوں کی ضرورت پر بریفنگ دیاجلاس میں چیف الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر کے ساتھ رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کی درخواست پر بھی غور کیا گیا جسے حساس انتخابی سرگرمیوں کے دوران سکیورٹی اور انتظامی معاونت سے جوڑا گیا۔اجلاس میں اہم مقدمات کی تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹیز قائم کرنے، تیز رفتار تفتیش اور مؤثر پراسیکیوشن کے ذریعے سزا کی شرح بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔  ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر تمام محکموں، ضلعی انتظامیہ، پولیس، انٹیلی جنس اداروں اور وفاقی سکیورٹی اداروں کو عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران ہائی الرٹ رہنے، سکیورٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی۔