ذخائر میں کمی مگرامریکا نے خلیجی ممالک کو 17 ارب ڈالر کے مزید میزائل بیچ ڈالے

09 مئی ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے خلیجی ممالک کو 17 ارب ڈالر کے مزید میزائل فروخت کر دیے۔ ایران جنگ کے بعد دفاعی ذخائر پر دباؤ،کویت، امارات اور بحرین کو جدید میزائل سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔ مجموعی دفاعی معاہدوں کی مالیت 25 ارب ڈالر ، ایران جنگ کے دوران امریکی میزائل ذخائر میں نمایاں کمی آئی ہے۔نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین کو ہزاروں اینٹی میزائل سسٹمز اور متعلقہ خدمات کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 17 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ یہ معاہدے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران امریکا اور اس کے اتحادی ممالک اپنے فضائی دفاعی میزائلوں کا بڑا حصہ استعمال کر چکے ہیں، جس کے باعث امریکی ذخائر پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کچھ پینٹاگون حکام نے ان کم ہوتے ذخائر پر تشویش ظاہر کی ہے، تاہم محکمہ خارجہ نے کانگریس کو باضابطہ اطلاع دیتے ہوئے ان معاہدوں کو ہنگامی بنیادوں پر آگے بڑھایا۔ مجموعی طور پر امریکا نے اسی روز تقریباً 25.7 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں کی منظوری دی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ ممالک پہلے ہی امریکی دفاعی نظام استعمال کر کے اپنے علاقوں اور امریکی تنصیبات کے تحفظ میں مدد کر رہے ہیں، اور یہ اقدام اتحادیوں کو واضح پیغام دیتا ہے کہ امریکا ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ مبصرین کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے باعث امریکا کی اسلحہ برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ اس کے اپنے دفاعی ذخائر پر بھی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔