معرکہ حق، پاک فضائیہ کی فلائی پاسٹ کی ریہرسل ، لڑاکا طیاروں کی گھن گرج

09 مئی ، 2026

اسلام آباد (این این آئی، نیوز رپورٹر ) معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پاک فضائیہ کی فلائی پاسٹ کی ریہرسل، وفاقی دارالحکومت کی فضا لڑاکاطیاروں کی گھن گرج سے گونج اٹھی،عرکہ حق کی پہلی سالگرہ کل اتوار قوم ملی جذبے اور جوش وخروش کے ساتھ منائے گی،یہ تقریبات یکم مئی سے جاری ہیں لیکن دس مئی کو مرکزی تقریب پاکستان مانو منٹ شکر پڑیاں اسلام آ باد میں منعقد ہوگی جس سے وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطاب کریں گے۔تفصیلات کے مطابق معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی تقریبات کا آغاز ہو گیا ،اس سلسلے میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اسلام آباد کی فضا میں شاندار فلائی پاسٹ کی ریہرسل کی، جس سے فضا نعرہ تکبیر اور لڑاکا طیاروں کی گھن گرج سے گونج اٹھی۔پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے فارمیشن کی صورت میں دارالحکومت کے آسمان پر نچلی پروازیں کرتے ہوئے اپنی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے رہے ۔انتظامیہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ یہ تمام فضائی سرگرمیاں طے شدہ تربیتی مشقوں اور ریہرسل کا حصہ ہیں، عوام کو طیاروں کی آوازوں یا نیچی پروازوں سے پریشان ہونے یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔دریں اثناء کل مرکزی تقریب کے موقع پرسبز لائٹنگ کا خصوصی اہتمام کیا گیاہے۔ پاک فضائیہ کے طیارے ایئر شو کریں گے، لیزر شو بھی منعقد کیا جا ئے گا، ملی نغمے پیش کئے جائیں گے،انو منٹ پرسٹیمر لگائے گئے ہیں،سبز قومی پرچم لہرا رہے ہیں،تقریب کیلئےخصوصی سٹیج تیار کیاگیا ہے جس پر ڈیجیٹل سکرینیں لگائی گئی ہیں، جمعہ کو اسلام آ باد پولیس اور سی ڈی اے نے تقریبات کا اہتمام کیا۔ پی این سی اے نے کلچرل شو کا اہتمام کیا۔پاکستان ریلوے نے بھی تقریبات کا اہتمام کیا۔