سپریم کورٹ، 20 سال پرانے قتل کیس میں ٹرائل کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کی سزائیں کالعدم

10 مئی ، 2026

اسلام آباد( رپورٹ:رانا مسعود حسین) سپریم کورٹ نے 20 سال پرانے قتل کیس میں ٹرائل کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کی سزائیں کالعدم قراردے کرملزم کو فوری طور پر بری کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔ عدالت عظمی نے اپنے تفصیلی تحریری فیصلہ کہاہے کہ ایک بے گناہ کو سزا دینے سے 10 گنہگاروں کو بری کر دینا زیادہ بہتر ہے،محض مفرور ہونے کی بنیاد پر کسی کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، اگر کوئی شخص پولیس کے ہراساں کرنے یا گرفتاری کے خوف سے روپوش ہو تو اسے جرم کا اعتراف نہیں سمجھا جائے گا،یاد رہے کہ ملزم محمد اقبال کے خلاف 29 اپریل 2006 کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائو ن میں 2افراد کے قتل کےالزام میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں ٹرائل کورٹ نے اسے عمر قید کی سزا سنائی ، جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے بھی یہ سزا برقرار رکھی اور قراردیا کہ وقوعہ کے 14 سال بعد ملزم کی گرفتاری اس کے قصوروار ہونے کا ثبوت ہے۔