پنجاب میں پراسیکیوٹرز کیلئے پہلی بار پرفارمنس ریویو سسٹم قائم

14 مئی ، 2026

لاہور (آصف محمود بٹ)پنجاب میں پراسیکیوٹرز کیلئے پہلی بار پرفارمنس ریویو سسٹم قائم۔نظام کا مقصد پراسیکیوٹرز کی کارکردگی کی نگرانی کیلئے ایک منظم، شفاف اور شواہد پر مبنی طریقہ کار متعارف کراناہے۔حکا م کے مطابق ضلعی و ڈویژنل سطح پر ماہانہ کمیٹیاں قائم،حکومت نے قانونی رائے اور استغاثہ صوابدید میں مداخلت روک دی۔ پنجاب حکومت نے فوجداری نظامِ انصاف میں احتساب، ادارہ جاتی رابطوں اور استغاثہ کے انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے کیلئے ایک اہم اصلاحاتی اقدام کے تحت صوبے بھر میں پہلی مرتبہ سرکاری پراسیکیوٹرز کیلئے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر پرفارمنس ریویو کمیٹیاں (PRCs) قائم کر دی ہیں۔محکمہ پراسیکیوشن کی جانب سے”جنگ “ کو حاصل دستاویزات کے مطابق یہ اقدام پنجاب سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2017ء کی دفعات 4، 5 اور 21 کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد سمری نمبر 114328 کی روشنی میں عمل میں لایا گیا۔ سرکاری حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد پراسیکیوٹرز کی کارکردگی کی نگرانی کیلئے ایک منظم، شفاف اور شواہد پر مبنی طریقہ کار متعارف کرانا، مختلف اداروں کے درمیان روابط بہتر بنانا اور پرفارمنس ایویلیوایشن رپورٹس (PERs) کی بروقت تکمیل یقینی بنانا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور ان کا مقصد استغاثہ کے نظام کو مضبوط بنانا، سہولت و فیڈ بیک کا مؤثر فریم ورک قائم کرنا اور پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔ نئے ڈھانچے کے تحت ڈویژنل سطح کی کمیٹیوں کے سربراہ کمشنرز ہوں گے جبکہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز اور ایڈیشنل کمشنر (کوارڈینیشن) بطور ارکان شامل ہوں گے۔ ضرورت پڑنے پر مزید ارکان کو بھی شامل کیا جا سکے گا۔ ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ارکان میں شامل ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹیاں ہر ماہ کم از کم ایک اجلاس منعقد کریں گی۔