وزیر خزانہ پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا ء کی تقریب میں شرکت کیلئے چین روانہ

14 مئی ، 2026

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تقریب میں شرکت کیلئے چین روانہ ہوگئے ، وزیر خزانہ بیجنگ میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجراء کی تقریب میں شرکت کریں گے،پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم ایک ارب ڈالر رکھا گیا ، جبکہ ابتدائی اجراء 250 ملین ڈالر کے مساوی ہوگا۔ اس اجرا کو ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت حاصل ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ پاکستان پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے ذریعے چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کر رہا ہے، جو دنیا کی سب سے بڑی کیپیٹل مارکیٹس میں شمار ہوتی ہے،وزارت خزانہ کےمطابق یہ تاریخی پیش رفت نہ صرف پاکستان کی معاشی ساکھ میں بہتری کی عکاس ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے اور سرمایہ کار پاکستان کی میکرو اکنامک استحکام، اصلاحاتی ایجنڈے اور معاشی سمت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ بیجنگ میں منعقد ہونے والی تقریب میں چین کے اعلیٰ حکومتی و مالیاتی اداروں، بین الاقوامی مالیاتی تنظیموں، سرمایہ کاروں اور بینکنگ شعبے کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ تقریب میں چین کی وزارتِ خزانہ، پیپلز بینک آف چائنا، ایشیائی ترقیاتی بینک، ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، چائنا انٹرنیشنل کیپیٹل کارپوریشن ، بینک آف چائنا، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، ہونگٹا سیکیورٹیز اور دیگر نمایاں ادارے شریک ہوں گے۔تقریب کے دوران پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر خصوصی پریزنٹیشن بھی دی جائے گی، جبکہ وفاقی وزیرِ خزانہ تقریب سے خطاب میں پاکستان کی معاشی بحالی، اصلاحاتی اقدامات، سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور مستقبل کے اقتصادی وژن پر روشنی ڈالیں گے۔ تقریب میں چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔وزیرِ خزانہ کے دورۂ چین کے دوران مختلف سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور چینی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔