ڈرگ کوئن انعم عرف پنکی کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی سامنے آگیا

14 مئی ، 2026

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈرگ کوئین انعم عرف پنکی کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی سامنے آگیا۔مقدمہ 9مئی کو آٹو مکینک محمد شیروز ولد محمد فیروز نے تھانہ بغدادی میں قتل کی دفعہ کے تحت درج کروایا۔مقدمہ کے مطابق 7 مئی کو حاجی پیر محمد روڈ عقب وشو اسکول بغدادی لیاری سے ایک شخص کی لاش ملی جو نشے کا عادی تھا۔جامع تلاشی کے دوران متوفی کی جیب سے ایک چھوٹی ڈبی جس پر queen medam pinky don nam hi kafi hai enjoy درج تھا اور دل کے نشانات بنے ہوئے تھے،مدعی کے مطابق میں نے معلومات کیں تو پتا چلا کہ انمول عرف پنکی نامی عورت یہ نشہ فروخت کرتی ہے۔واضح رہے کہ متوفی شخص کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔انعم عرف انمول عرف پنکی کے خلاف درج قتل کے مقدمہ میں غلطیاں سامنے آ گئیں۔بغدادی تھانے میں درج مقدمہ 147/26 زیر دفعہ 302 قتل کا مقدمہ 9 مئی 2026 کو درج کیا گیا ۔مقدمہ میں پہلے لاش ملنے کی تاریخ 7 اپریل 2026 بتائی گئی جبکہ نیچے ایف آئی آر کے متن میں لاش ملنے کی تاریخ 7 مئی 2026 بتائی گئی. لاش کی شناخت بھی نہیں ہوئی اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ میں غلطیاں پولیس نے دانستہ کیں یا پھر دانستگی میں یہ غلطیاں ہوئیں اس حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں صورتحال واضح ہو گی۔انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور میں درج مقدمہ بھی سامنے آیا ہے۔ مقدمہ 6 جنوری 2022 کو تھانہ کوٹ لکھپت میں دی کنٹرول آف نارکوٹکس سبیسٹینس ایکٹ 1997- 9-(c) کے تحت درج ہوا۔مقدمہ کے مطابق مخبر خاص کی اطلاع پر کہ ایک لڑکا اور لڑکی شاداب کالونی میں گاڑی پر منشیات فروخت کرنے آ رہے ہیں پولیس موقع پر پہنچی ۔