انمول عرف پنکی کے بعد ایک اور خاتون ڈرگ ڈیلر گرفتار

14 مئی ، 2026

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) انمول عرف پنکی کے بعد شہر میں ایک اور ڈرگ ڈیلر خاتون پکڑی گئی۔قائدآباد پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی 35 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق اندرون سندھ سمیت شہر کے مختلف پوش علاقوں میں سپلائی اور فروخت کی جانے والی منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف کاروائی کے دوران خداداد قبرستان سواتی محلے سے ملزمہ نرگس عرف ملکہ زوجہ وکیل کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ سے برآمد ہونے والی اعلیٰ کوالٹی چرس کی مالیت 60 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔پولیس نے کارروائی کے دوران جائے وقوعہ سے 35 کلو 265 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کی۔برآمد ہونے والی منشیات کراچی کے مختلف مقامات اور پوش علاقوں میں فروخت کی جانی تھی۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کے مزید ساتھی بھی اس نیٹ ورک میں شامل ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی اور فروخت کرنے میں ملوث ہیں جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ملزمہ کے خلاف تھانہ قائدآباد میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔