ٹرمپ بیجنگ پہنچ گئے ،شاندار استقبال،آج صدرشی سے اہم ملاقاتیں

14 مئی ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) ٹرمپ بیجنگ پہنچ گئے ،شاندار استقبال،آج شی جن پنگ سے اہم ملاقات کرینگے۔ تجارتی تعلقات، تائیوان ، ایران جنگ، ٹیکنالوجی ،نادر دھاتیں اور AI زیر غور آئیں گی ۔ ایلون مسک اور جینسن ہوانگ بھی ہمراہ ہیں۔ ٹرمپ امریکی کاروبار کے لیے چین کھولنے پر زوردیں گے۔ تجزیہ کار وں کا کہنا ہے محدود تجارتی معاہدے اوروعدے ممکن ، لیکن معاشی و سیاسی کشیدگی برقرار رہے گی۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیجنگ پہنچ گئے ہیں تاکہ چینی صدر ژی جن پنگ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کریں۔ ملاقات میں تجارتی تعلقات، تائیوان، ایران جنگ اور ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ امریکہ چین سے مزید امریکی مصنوعات خریدنے اور ٹیکنالوجی کے مسائل پر بات کرے گا، جبکہ چین ٹیکنالوجی پابندیوں میں نرمی اور نادر زمینی دھاتوں کی برآمد پر توجہ دے گا۔ امریکہ اور چین کے درمیان ممکنہ تجارتی معاہدے کے تحت تقریباً 30 ارب ڈالر مالیت کی غیر حساس درآمدات پر ٹیرف کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایران جنگ کے تناظر میں ہرمز کو محفوظ بنانے اور چین کے اثر و رسوخ کو استعمال کرنے کے امکانات زیرِ غور ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق محدود تجارتی معاہدے یا خریداری کے وعدے ممکن ہیں، لیکن گہری اقتصادی اور سیاسی کشیدگی برقرار رہے گی۔ٹرمپ کے ہمراہ معروف ٹیکنالوجی شخصیات ایلون مسک اور اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ بھی موجود ہیں۔ امریکی صدر چین پر زور دیں گے کہ وہ امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کے لیے اپنی منڈیاں مزید کھولے۔