اسلام آباد، خلع کی شرح میں خطرناک اضافہ، یومیہ 300 سے زائد مقدمات دائر

16 مئی ، 2026

اسلام آباد (عاصم جاوید) وفاقی دارالحکومت میں خلع کی شرح میں خطرناک اضافہ، فیملی کورٹس میں یومیہ 300 سے زائد مقدمات دائر ہونے لگے ،خلع/ نان نفقہ کے اوسطا 38 کیسز فی گھنٹہ دائر ہونے لگے، امسال تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر چکی،وکلاء کا کہنا ہے کہ منشیات اور بے روزگاری کے باعث طلاق اور خلع کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے،فیملی کورٹس میں مقدمات کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی۔ ذرائع کے مطابق عدالتی اوقات کے ہر گھنٹے میں اوسطاً 38 خلع اور نان نفقہ کے کیسز دائر ہو رہے ہیں۔ رواں سال یکم جنوری سے اب تک 45 ہزار سے زائد خلع اور نان نفقہ کے کیسز دائر ہو چکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ہر ماہ 9 ہزار سے زائد نئے کیسز کا اندراج ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں2023 میں 85 ہزار، 2024 میں 91 ہزار اور 2025 میں کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اسلام آباد میں روزانہ کی بنیاد پر 30 سے زائد کورٹ میرجز بھی ہونے لگیں۔ گزشتہ 4 سالوں میں 38 کیسز ایسے تھے جہاں شادی کے محض ایک سے تین ماہ بعد خلع لی گئی۔ خلع اور نان نفقہ کے زیادہ تر کیسز پسند کی شادی کرنے والے فریقین کی جانب سے دائر ہو رہے ہیں۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ منشیات اور بے روزگاری کے باعث طلاق اور خلع کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔