ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو، سابق ایئر چیف سمیت 20 اپارٹمنٹ مالکان ہائیکورٹ پہنچ گئے

16 مئی ، 2026

اسلام آباد (عاصم جاوید) سابق ایئر چیف مجاہد انور خان سمیت ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے مزید 20 اپارٹمنٹ سب لیز ہولڈر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے۔ درخواست گزاروں نے دو الگ الگ انٹرا کورٹ اپیلوں کے ذریعے سنگل بنچ کے عدالتی فیصلے کے پیرا گراف 30 کو کالعدم اور اپیل کنندگان کو سب لیز کے تحت حاصل حقوق قانونی اور موثر قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ اپیلوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق مرکزی پٹیشنر بی این پی کے تنازع سے الگ اور آزادانہ ہیں۔ سپریم کورٹ 2019 میں پہلے ہی ان کے حقوق کو تحفظ فراہم کر چکی ہے۔ ان کا بی این پی ڈیفالٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے پیرا 30 سے اپیل کنندگان کے حقوق متاثر ہوئے ہیں۔ اپیل کنندگان کے اپارٹمنٹ پر قبضے کے ساتھ حقوق تسلیم شدہ ہیں۔ رہائشی ٹاورز بی اور سی کی تعمیر منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق ہوئی۔ 2023 میں لیز منسوخی پر سی ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا۔ دونوں رہائشی ٹاورز کا انتظام اور روزمرہ امور چلانے کیلئے رہائشیوں کے ساتھ مل کر کمیٹی بنائی گئی۔ لیز منسوخی کے بعد سی ڈی اے کی نگرانی میں قائم کمیٹی کے تحت اپیل کنندگان رہائش پذیر ہیں۔ اپیل کنندگان کو قانونی طور پر حقوق حاصل ہیں جس کے تحت وہ لیز منسوخی کے بعد بھی رہائش پذیر رہے۔ لہذا اپیل کنندگان کو سب لیز کے تحت حاصل حقوق قانونی اور موثر قرار دئیے جائیں، سی ڈی اے کو اپارٹمنٹس پر اپیل کنندگان کے پر امن قبضہ میں مداخلت سے روکا جائے اور سنگل بنچ کے عدالتی فیصلے کے پیراگراف 30 کو کالعدم قرار دیا جائے۔