مودی کا دورہ، بھارت و امارات کا توانائی، ٹیکنالوجی اور فوجی تعاون کے اہم معاہدوں پر اتفاق

16 مئی ، 2026

ابوظہبی(جنگ نیوز) مودی کا دورہ یو اے ای، بھارت وامارات کا توانائی، ٹیکنالوجی اور فوجی تعاون کے اہم معاہدوں پر اتفاق،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنا بھارت کی سب سے بڑی ترجیح ہے، آبنائے ہرمز معاملے پر بین الاقوامی قوانین کی پابندی ضروری ہے،دورہ یو اے ای کے دوران اماراتی صدر سے گفتگو میں ان کا کہنا تھامیں اپنے دوسرے گھر آیا ہوں۔ یو اے ای نے بھارت میں 5ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا، تیل و گیس معاہدے ہوئے،توانائی پربھارت نے نئی سفارتی حکمت عملی اپنائی ہے۔ مودی کا یہ چھ روزہ دورہ یورپی ممالک تک جاری رہے گا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے ایک اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے، جس میں دفاعی صنعت، جدید ٹیکنالوجی، فوجی تربیت، بحری سلامتی، سائبر دفاع اور محفوظ مواصلاتی نظام میں تعاون شامل ہوگا۔توانائی کے شعبے میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں تیل کی اسٹریٹجک ذخیرہ گاہوں، ایل پی جی سپلائی اور خام تیل کی ترسیل سے متعلق معاہدے کیے گئے ہیں۔ اماراتی سرکاری ادارے ADNOC کے مطابق بھارت میں تیل کے ذخائر 30 ملین بیرل تک بڑھانے پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ بھارت اور یو اے ای دونوں ایک دوسرے کی بندرگاہوں پر اسٹریٹجک آئل اسٹوریج کے امکانات بھی تلاش کریں گے۔ بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ اس دورے کے دوران 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے بھی سامنے آئے ہیں، جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔