190 ملین پاؤنڈز کیس، بانی PTIوکیل کو 20 مئی کو اپیلوں پر دلائل کیلئے حتمی مہلت

16 مئی ، 2026

اسلام آباد (خبر نگار) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں میں اہم پیشرفت، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کو 20 مئی کو دلائل کیلئے حتمی مہلت دے دی۔ عدالت نے کہا کہ امید ہے فریقین جان بوجھ کر سماعت سے غیر حاضر نہیں ہوں گے اور نہ غیر ضروری التوا مانگیں گے۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کا تحریری حکم جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے ہدایات لینے کیلئے التوا کی درخواست دی جبکہ نیب نے سلمان صفدر کی التوا کی درخواست کی مخالفت کی۔ گزشتہ سماعت پر فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیل پر دلائل کی ہداہت کی گئی تھی، مگر سماعت میں دلائل کی بجائے سلمان صفدر نے کمزور وجوہات پر التوا کی درخواست دائر کی۔ تحریری آرڈر میں کہا گیا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ مرکزی اپیلیں سلمان صفدر کی جانب سے دائر کی گئی تھیں، کیس کی حساسیت اور اہمیت کی وجہ سے آخری اور حتمی مہلت دی جا رہی ہے۔ سلمان صفدر تمام ضروری اقدامات اٹھا لیں اور 20 مئی کو آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل دیں۔