وزیر اعظم نے گزشتہ برس 256 اعلیٰ سطح اجلاسوں کی صدارت کی

16 مئی ، 2026

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیر اعظم نے گزشتہ ایک سال میں کتنے اجلاسوں کی صدارت کی ؟ پیپلز پارٹی کی ایم این اےسیدہ شہلا رضا کےسوال پرقومی اسمبلی میں اعداد شمار پیش ، بتایاگیا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ برس 256 اعلی سطح اجلاسوں کی صدارت کی جن میں قومی ترقی ،نظم ونسق اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق وزارت صنعت و تجارت ،انفارمیشن ٹیکنالوجی، تجارت، خزانہ اور توانائی وزیر اعظم شہباز شریف کے ریڈار پر رہے۔ایف بی آر پر وزیر اعظم نے 25 اجلاسوں کی صدارت کی ، پیپلز پارٹی کی سیدہ شہلا رضا نے ضمنی سوال کیا کہ وزیر اعظم نے ایف بی آر کے 25اجلاس کئے مگر ٹیکس اکٹھا کرنے کی صلاحیت میں بڑی کمی کیوں آگئی؟ وزیر اعظم کے اجلاسوں کا نتیجہ کیا نکلا ،کیا فیصلوں پر عمل درآ مد کی مانیٹرنگ بھی کی جاتی ہے یا نہیں ؟پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے جواب دیا کہ وزیر اعظم نے جتنے اجلاس بلا ئے تاریخ میں کسی نے اتنے اجلاس نہیں کئے۔ایک ٹاسک فورس ان اجلاسوں کے فیصلوں کی مانیٹرنگ کرتی ہے۔ ان فیصلوں کی بدولت ہی 2026تک دیوالیہ ہونے کی طرف جانے والا ملک آج درست سمت چل پڑا ہے۔ایوان کو بتا یا گیا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 25 ، وزارت نجکاری کے14 اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوئے۔وزیر اعظم نے وزارت ریلوے کے 4، وزارت تجارت کے 20 اجلاسوں کی صدارت کی۔ وزارت تعلیم کے 8، اقتصادی امور 4، غذائی تحفظ کے 5 اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوئے۔وزارت داخلہ کے 5، این ڈی ایم اے سے متعلقہ 9،وزارت توانائی سے متعلقہ 20 اجلاسوں کی صدارت وزیر اعظم نے کی ۔وزارت صنعت و پیداوار کے 33، وزارت خزانہ کے 20، وزارت منصوبہ بندی کے 14 اجلاسوں کی صدارت وزیر اعظم نے کی ۔ وزارت صحت کے 11،وزارت موسمیاتی تبدیلی کے 3 جبکہ ایف بی آر پر وزیر اعظم نے 25 اجلاسوں کی صدارت کی۔وزارت پیٹرولیم پر 15، ایس آئی ایف سی پر 14 جبکہ بورڈآف انوسٹمنٹ پر وزیر اعظم نے 6 اجلاسوں کی صدارت کی۔وزیر اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری، قومی غذائی تحفظ پلان، پیٹرولیم سپلائی چین کے حوالے سے اہم فیصلوں کی منظوری دی۔