تہران، واشنگٹن (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) یورپی ممالک نے آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت رواں بنانے کیلئے ایران سے مذاکرات شروع کر دیئے، ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیوں کو منظم کرنے کیلئے نیا میکینزم تیار کرلیا ہے جسےجلد پیش کیا جائیگا، ایرانی پارلیمنٹ کے نیشنل سکیورٹی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نےکہا کہ اس میکینزم سے ایران کے ساتھ تعاون کرنے والے تجارتی جہاز مستفید ہونگے، میکانزم کے تحت خصوصی خدمات کی فیس لی جائیگی اور یہ راستہ نام نہاد ʼفریڈم پروجیکٹ ʼ آپریٹرز کیلئے بند رہے گا، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو اصل تکلیف اس وقت شروع ہوگی، جب امریکا کے قرض میں اضافہ ہوگا اور مارگیج کی شرح بڑھے گی، متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ تمام اقدامات اپنے دفاع میں کیے، کسی بھی دھمکی قبول نہیں، ایران کی جانب سے کسی بھی خطرے کا جواب دینےکا حق محفوظ رکھتے ہیں، دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران پر فیصلہ کن حملہ پاکستان کے بعض بہت اچھے لوگوں کی درخواست پر روکا، ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ حملہ ہوا تو نئی جنگ خارج از امکان نہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے انکشاف کیا ہے کہ یورپی ممالک نے آبنائے ہرمز کے ذریعے اپنے بحری جہازوں کی محفوظ گزرگاہ (ٹرانزٹ) کے حوالے سے تہران کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق مشرقی ایشیائی ممالک بالخصوص چین، جاپان اور پاکستان کے بحری جہازوں کو اجازت ملنے کے بعد اب یورپی ممالک نے بھی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہاں سے گزرنے کا اذن حاصل کیا جا سکے۔ تاہم رپورٹ میں مذاکرات کرنے والے یورپی ممالک کے نام واضح نہیں کیے گئے۔ایرانی فوج کے نظریاتی بازو ʼپاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ انہوں نے نئے ایرانی پروٹوکولز کی منظوری کے بعد چین سمیت درجنوں جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ جنگ کے بعد اب اس راستے کی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہے گی اور گزشتہ ماہ ایران نے اس گزرگاہ پر عائد کیے گئے نئے ٹیکسوں سے پہلی آمدنی بھی وصول کر لی ہے۔علاو ازیں ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بتایا کہ ٹریفک کنٹرول کرنے کا نیا پیشہ ورانہ طریقہ کار جلد متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صرف ایران کے ساتھ تعاون کرنے والے تجارتی جہاز ہی فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ امریکی فوجی مشن ʼفریڈم پروجیکٹ کے تحت آنے والے جہازوں کیلئے یہ راستہ مکمل بند رہے گا۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے برکس اجلاس میں ایران کی جانب سے یو اے ای پر حملوں کو جائز قرار دینے سے متعلق بیانات کو مسترد کردیا۔ امارات کے وزیر مملکت نے حملوں کو اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئےکہا کہ وہ کسی بھی دھمکی کو قبول نہیں کرتے اور ایران کی جانب سے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور ملک کی خود مختاری کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیرتوانائی سہیل المزروعی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا یو اے ای کا فیصلہ ایک خود مختار اور اسٹریٹجک انتخاب تھا، جو ملک کی پیداواری حکمت عملی اور مستقبل کی صلاحیتوں کے جامع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ المزروعی نے مزید واضح کیا کہ اس اقدام کے پیچھے کوئی سیاسی محرکات نہیں تھے اور نہ ہی یہ شراکت داروں کے ساتھ کسی قسم کے اختلافات یا تقسیم کی عکاسی کرتا ہے۔ المزروعی نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ سیاسی مصلحتوں کے تحت نہیں کیا گیا، اور نہ ہی یہ متحدہ عرب امارات اور اس کے شراکت داروں کے مابین کسی قسم کے اختلاف کی عکاسی کرتا ہے۔ دریں اثناء ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکیوں کی اصل تکلیف اس وقت شروع ہوگی جب امریکا کا قرض اور مارگیج کی شرح بڑھے گی۔ انہوں نے ایران جنگ کے امریکا پر پڑنے والے منفی معاشی اثرات سے متعلق طنز کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر امریکی ٹریژری بانڈز پر بڑھتی ہوئی شرح منافع کے اعداد و شمار شیئر کردیے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکیوں کو بتایا جا رہا ہے کہ انہیں ایران کے خلاف خود سے چھیڑی گئی جنگ کے بڑھتے ہوئے اخراجات برداشت کرنے ہونگے۔دریں اثناء اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید اراوانی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال اور اُسکے عالمی معاشی اثرات کی ذمہ داری اُن قوتوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے ایران کے خلاف جنگ شروع کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اسکے اثرات فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے بعد بھی برقرار رہیں گے ۔دریں اثناء کریملن کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب، محمد بن زاید آل نہیان کے ساتھ ایران کے تنازع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے سیاسی اور سفارتی عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، جس کا مقصد مفاہمت پر مبنی امن معاہدوں تک پہنچنا ہے۔ روسی صدر نے یوکرین کے تنازع سے متعلق انسانی ہمدردی کے معاملات میں تعاون فراہم کرنے پر بھی متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ خلیجی ملک کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات اس کے دفاعی اقدامات کے فریم ورک کے دائرے میں آتے ہیں، جن کا مقصد ملک کی خودمختاری، شہریوں اور اہم ترین انفرا اسٹرکچر کا تحفظ کرنا ہے۔ متحدہ عرب امارا ت کی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان وال اسٹریٹ جرنل کی پیر کے روز شائع ہونے والی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے اپریل کے اوائل میں ایران پر فوجی کارروائیاں کی تھیں۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے بیان میں ایران پر کیے جانے والے ان مبینہ حملوں کا واضح یا براہ راست کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایرانی میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں محمد مخبر نے بعض خلیجی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے برسوں تک ان ممالک کو دوست اور برادر سمجھا لیکن انہوں نے اپنی خودمختاری کو داؤ پر لگا کر اپنی سرزمین اور وسائل ایران اور فلسطین کے دشمنوں کے حوالے کر دیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران سینٹکام کے زیر استعمال اڈوں کیخلاف ایران نے اپنے ردعمل میں تحمل کا مظاہرہ کیا تاہم یہ تحمل ہمیشہ جاری نہیں رہے گا۔ محمد مخبر نے کہا کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو ایران آئندہ زیادہ سخت ردعمل دے سکتا ہے۔ دریں اثناء شمال مغربی ایران میں انجن آئل کے پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسلام آباد حکومت کا ایندھن کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ متوقع، نئے نظام کے تحت اوگرا روزانہ...
اسلام آبادوزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بینک اور مالیاتی ادارے کش لیس معیشت کو فروغ دیں، ملکی معیشت کو...
اسلام آباد خیبرپختونخوا کے پولیس افسر محمد اقبال تبدیل ؛انٹیلی جنس بیورو میں تعینات، محمد عمر ڈائریکٹر...
اسلام آباد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان لڑکیوں کی تعلیم ،کاروبار ،ڈیجیٹل...
لاہور 400کلو چاندی چوری کیس، سابق کسٹمز کلکٹر سمیت 7 ملزمان گرفتار ۔400 کلو چاندی سرکاری تحویل سے غائب ہوئی،...
لاہور پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن نے ماہِ صفر 1448 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی...
کراچی بلوچستان، فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشن شعبان جاری، مزید 6خارجی ہلاک ،مجموعی تعداد 123ہوگئی،سیکورٹی...
کراچی نیویارک ٹائمز کے صحافی نے الزام لگایا ہے کہ نیتن یاہو سیکورٹی لیکس تحقیقات سیاسی مفاد کے تحت کرتے ہیں،...